↩️

🕊️ نمازِ جنازہ کا طریقہ

حنفی طریقہ — تکبیریں، دعائیں اور مسائل (دعوتِ اسلامی)

📌

حکم اور ارکان

نمازِ جنازہ فرضِ کفایہ ہے — یعنی کوئی ایک بھی ادا کر لے تو سب بَرِیُّ الذِّمَّہ ہو گئے، ورنہ جن جن کو خبر پہنچی تھی اور نہیں آئے وہ سب گنہگار ہوں گے۔ اس کے لیے جماعت شرط نہیں، ایک شخص بھی پڑھ لے تو فرض ادا ہو گیا۔ اس کی فرضیت کا انکار کفر ہے۔ (بہارِ شریعت ج۱ ص۸۲۵)

  • دو رُکن: (۱) چار بار "اللہُ اَکْبَر" کہنا (۲) قیام۔
  • تین سنّتِ مؤکدہ: (۱) ثناء (۲) درود شریف (۳) میِّت کے لیے دعا۔
📖

ادا کرنے کا طریقہ

نیّت: "میں نیّت کرتا ہوں اِس جنازے کی نماز کی واسطے اللہ عَزَّوَجَلَّ کے، دُعا اِس میِّت کیلئے، پیچھے اِس امام کے"

۱
امام و مقتدی پہلے کانوں تک ہاتھ اُٹھائیں اور "اللہُ اَکْبَر" کہتے ہوئے فوراً ناف کے نیچے باندھ لیں اور ثَناء پڑھیں — اس میں "وَتَعَالٰی جَدُّکَ" کے بعد "وَجَلَّ ثَنَاؤُکَ" کا اضافہ کریں۔
سُبْحٰنَكَ اللّٰھُمَّ وَبِحَمْدِكَ وَتَبَارَكَ اسْمُكَ وَتَعَالٰی جَدُّكَ وَجَلَّ ثَنَاؤُکَ وَلَا اِلٰـہَ غَیْرُکَ
۲
پھر بغیر ہاتھ اُٹھائے "اللہُ اَکْبَر" کہیں، پھر دُرُودِ ابراہیمی پڑھیں۔
۳
پھر بغیر ہاتھ اٹھائے "اللہُ اَکْبَر" کہیں اور میت کی دعا پڑھیں (نیچے دی گئی ہے)۔ امام تکبیریں بُلند آواز سے کہے اور مقتدی آہستہ؛ باقی تمام اذکار سب آہستہ پڑھیں۔
۴
دعا کے بعد پھر "اللہُ اَکْبَرْ" کہیں اور ہاتھ لٹکا دیں، پھر دونوں طرف سلام پھیر دیں۔ سلام میں میّت، فرشتوں اور حاضرینِ نماز کی نیّت کرے۔
🤲

بالغ مرد و عورت کی دعا

اللَّھُمَّ اغْفِرْ لِحَیِّنَا وَمَیِّتِنَا وَشَاھِدِنَا وَغَائِبِنَا وَصَغِیْرِنَا وَکَبِیْرِنَا وَذَکَرِنَا وَاُنْثَانَا، اللھُمَّ مَنْ اَحْیَیْتَہٗ مِنَّا فَاَحْیِہٖ عَلَی الْاِسْلَامِ وَمَنْ تَوَفَّیْتَہٗ مِنَّا فَتَوَفَّہٗ عَلَی الْاِیْمَانِ ۔
ترجمہ: الٰہی! بخش دے ہمارے ہر زندہ کو اور ہمارے ہر فوت شدہ کو اور ہمارے ہر حاضر کو اور ہمارے ہر غائب کو اور ہمارے ہر چھوٹے کو اور ہمارے ہر بڑے کو اور ہمارے ہر مرد کو اور ہماری ہر عورت کو۔ الٰہی! تو ہم میں سے جس کو زندہ رکھے تو اس کو اسلام پر زندہ رکھ اور ہم میں سے جس کو موت دے تو اس کو ایمان پر موت دے۔
👦

نابالغ لڑکے کی دعا

اللَّھُمَّ اجْعَلْہُ لَنَا فَرَطًا وَّاجْعَلْہُ لَنَا اَجْرًا وَّذُخْرًا وَّاجْعَلْہُ لَنَا شَافِعًا وَّمُشَفَّعًا
ترجمہ: الٰہی! اس (لڑکے) کو ہمارے لئے آگے پہنچ کر سامان کرنے والا بنا دے اور اس کو ہمارے لئے اَجر (کا مُوجِب) اور وقت پر کام آنے والا بنا دے اور اس کو ہماری سفارش کرنے والا بنا دے اور وہ جس کی سفارش منظور ہو جائے۔
👧

نابالغ لڑکی کی دعا

اللَّھُمَّ اجْعَلْہا لَنَا فَرَطًا وَّاجْعَلْہا لَنَا اَجْرًا وَّذُخْرًا وَّاجْعَلْہا لَنَا شَافِعَۃً وَّمُشَفَّعَۃً ۔
ترجمہ: الٰہی! اس (لڑکی) کو ہمارے لئے آگے پہنچ کر سامان کرنے والی بنا دے اور اس کو ہمارے لئے اجر (کی مُوجِب) اور وقت پر کام آنے والی بنا دے اور اس کو ہمارے لئے سفارش کرنے والی بنا دے اور وہ جس کی سفارش منظور ہو جائے۔
📋

اہم مسائل

  • امام کی جگہ: میِّت کا سامنے ہونا ضروری ہے، غائبانہ نمازِ جنازہ نہیں ہو سکتی۔ مستحب یہ ہے کہ امام میِّت کے سینے کے سامنے کھڑا ہو۔
  • صفیں: بہتر یہ ہے کہ جنازے میں تین صفیں ہوں — حدیثِ پاک میں ہے: "جس کی نماز (جنازہ) تین صفوں نے پڑھی اُس کی مغفرت ہو جائے گی۔" جنازے میں پچھلی صف تمام صفوں سے افضل ہے۔
  • کندھا دینے کا ثواب: "جو جنازے کو چالیس قدم لے کر چلے اُس کے چالیس کبیرہ گناہ مٹا دیئے جائیں گے۔" اور جو جنازے کے چاروں پایوں کو کندھا دے اللہ عَزَّوَجَلَّ اُس کی مستقل مغفرت فرما دے گا۔
  • کندھا دینے کا طریقہ: سنّت یہ ہے کہ یکے بعد دیگرے چاروں پایوں کو کندھا دے اور ہر بار دس دس قدم چلے — پہلے سیدھے سِرہانے، پھر سیدھی پائنتی، پھر اُلٹے سِرہانے، پھر اُلٹی پائنتی؛ کُل چالیس قدم۔
  • مسبوق (دیر سے آنے والا): اپنی باقی تکبیریں امام کے سلام پھیرنے کے بعد کہے؛ اگر اندیشہ ہو کہ دعا پڑھنے کی صورت میں لوگ جنازہ اُٹھا لیں گے تو صرف تکبیریں کہہ لے، دعا چھوڑ دے۔

شرعی مسئلے میں مزید رہنمائی حاصل کریں

دارالافتاء اہلسنت سے فتویٰ و رہنمائی کے لیے رابطہ کریں

📞 +92 311 7864100 🌐 daruliftaahlesunnat.net
📚 ماخذ: کتاب «نمازِ جنازہ کا طریقہ (حنفی)» — دعوتِ اسلامی
کتاب دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ پر پڑھیں